امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر 22 اپریل تک مذاکرات کے ذریعے کوئی حتمی معاہدہ طے نہ پایا تو ایران کے ساتھ عارضی جنگ بندی میں توسیع ممکن نہیں ہوگی۔
صدارتی طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے فوجی کارروائی دوبارہ شروع ہونے کے امکان پر بھی بات کی۔
انہوں نے کہا کہ عارضی جنگ بندی کے معاہدے میں ممکن ہے کہ وہ توسیع نہ کریں۔ ناکابندی بدستور جاری ہے اور افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ہمیں دوبارہ بمباری کا راستہ اختیار کرنا پڑ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ موجودہ عارضی جنگ بندی 8 اپریل کو شروع ہوئی تھی جو چار روز میں ختم ہو جائے گی، جبکہ 11 اور 12 اپریل کو ہونے والے مذاکرات کا پہلا دور کسی باضابطہ معاہدے کے اعلان کے بغیر مکمل ہوا۔
ٹرمپ نے امید ظاہر کی ہے کہ اعلیٰ سطحی مذاکرات کا دوسرا دور ہفتے کے اختتام پر ممکن ہو سکتا ہے۔