تہران: ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے حالیہ حملوں کے باعث ملک کو تقریباً 270 ارب ڈالر کا بڑا مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ یہ بات ایرانی حکومت کی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے اپنے بیان میں بتائی۔
روسی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے فاطمہ مہاجرانی نے کہا کہ اس نقصان کا تخمینہ براہِ راست اور بالواسطہ دونوں قسم کے اثرات کو مدنظر رکھ کر لگایا گیا ہے، جس میں بنیادی ڈھانچے، معیشت اور دیگر شعبوں کو پہنچنے والے نقصانات شامل ہیں۔
انہوں نے مزید وضاحت کی کہ جنگ کے دوران ہونے والے نقصانات کا ازالہ ایران کے لیے ایک اہم معاملہ ہے، جسے اسلام آباد میں ہونے والے امریکا اور ایران کے مذاکرات میں بھی زیرِ بحث لایا گیا۔ ان کے مطابق ہرجانے کا مطالبہ ایران کی جانب سے پیش کی گئی دس نکاتی شرائط کا حصہ ہے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر نے انتونیو گوتریس کے نام ایک خط میں خلیجی ممالک، جن میں قطر، سعودی عرب، بحرین، امارات اور کویت شامل ہیں، سے بھی جنگی نقصانات کے ازالے کا مطالبہ کیا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ایران کا یہ مؤقف خطے میں جاری کشیدگی میں مزید اضافہ کر سکتا ہے، جبکہ اس کے باعث مذاکراتی عمل پر بھی اثر پڑنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
1