جنگ بندی پر روس کا امریکہ اور اسرائیل کے خلاف اہم بیان آگیا

روس کی وزارتِ خارجہ نے امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف کارروائیوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے ’بڑی شکست ‘ قرار دیا ہے اور فوری طور پر سفارتی حل کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
وزارتِ خارجہ کی ترجمان، ماریا زاخارووا، نے بیان کیا کہ امریکا اور اسرائیل نے 28 فروری کو ایران کے خلاف ایک یکطرفہ، جارحانہ اور بلا اشتعال حملہ کیا، جس کا نتیجہ ایک سنگین اور واضح شکست کی صورت میں سامنے آیا۔
روسی ریڈیو اسپوٹنک سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ روس نے شروع سے واضح کر دیا تھا کہ اس تنازع کا کوئی فوجی حل ممکن نہیں، اور خطے میں طاقت کے ذریعے امن قائم کرنے کی کوششیں ناکام رہیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات خطے میں مزید عدم استحکام پیدا کرتے ہیں۔
ماریا زاخارووا نے اس بات پر زور دیا کہ صورتحال پر قابو پانے کے لیے فوری طور پر حقیقی سیاسی اور سفارتی اقدامات کا آغاز ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے ذریعے ہی پائیدار حل ممکن ہے، جس میں تمام فریقین کے موقف کو سنجیدگی سے مدنظر رکھا جائے۔
روسی حکام کے اس بیان کے بعد مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر عالمی سطح پر نئی بحث شروع ہو گئی ہے، جہاں مختلف ممالک جنگ بندی اور مذاکرات کے ذریعے کشیدگی کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔