خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے پانچ حساس اضلاع کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال اپر، چترال لوئر، دیر اپر، سوات اور کوہستان اپر میں موجودہ موسمی صورتحال کے باعث گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے نتیجے میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، اچانک سیلابی ریلوں (فلیش فلڈ) اور لینڈ سلائیڈنگ جیسے خطرناک واقعات پیش آ سکتے ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی بنیادوں پر پیشگی اقدامات کرنے اور مکمل تیاری یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
مزید برآں، حساس گلیشیائی مقامات کی مسلسل نگرانی اور بروقت اطلاع کے لیے وارننگ سسٹم کو فعال رکھنے کی بھی سختی سے تاکید کی گئی ہے۔
ادارے نے ہدایت کی ہے کہ ممکنہ خطرے سے دوچار علاقوں میں انخلاء کی مشقیں کرائی جائیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت اور محفوظ نقل مکانی یقینی بنائی جا سکے۔
اسی سلسلے میں محفوظ مقامات پر قائم انخلاء مراکز کو مکمل طور پر فعال اور تمام بنیادی سہولیات سے آراستہ رکھنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے نشیبی علاقوں کے مکینوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ چوکس رہیں اور مقامی آبادی کو ممکنہ خطرات سے بروقت آگاہی فراہم کریں۔
ریسکیو اور ایمرجنسی سروسز کے عملے کو ہر وقت الرٹ رہنے اور کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ہنگامی حالات سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے ضروری مشینری اور آلات کو پہلے سے تعینات کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔
عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ندی نالوں اور دریاؤں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے اجتناب کریں اور تیز بہاؤ والے پانی میں گاڑی چلانے سے گریز کریں۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان نے نشیبی علاقوں میں رہنے والوں کو خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تاکید کی ہے جبکہ سیاحوں اور مسافروں کو حساس علاقوں کا غیر ضروری سفر ترک کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
سڑکوں کی بندش یا نقصان کی صورت میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے)، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) اور محکمہ مواصلات و تعمیرات (سی اینڈ ڈبلیو) سے فوری رابطہ کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
شدید خطرے کی صورت میں گلیشیائی جھیلوں کے کنٹرولڈ اخراج کی صورتحال پر بھی کڑی نظر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہیلپ لائن 1700 پر فوری رابطہ کریں۔