علی لاریجانی کی شہادت کے بعد مقرر ہونیوالے سیکرٹری محمد باقر کون ہیں؟

گزشتہ ہفتے امریکی حملے میں شہید ہونے والے علی لاریجانی کی جگہ محمد باقر ذوالقدر کو ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کا نیا سیکریٹری مقرر کر دیا گیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق محمد باقر ذوالقدر کی تقرری کی توثیق مجتبیٰ خامنہ ای نے بھی کر دی ہے۔
یہ تقرری ایک نہایت حساس وقت میں کی گئی ہے، جب ایران کو اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے۔
ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل ملک کا اعلیٰ ترین ادارہ ہے، جو دفاعی اور سیکیورٹی پالیسی سازی کی ذمہ داری سنبھالتا ہے، اور اس کا سیکریٹری نہایت اہم کردار ادا کرتا ہے۔
محمد باقر ذوالقدر کون ہیں؟
محمد باقر ذوالقدر کا تعلق ایران کے بااثر سیکیورٹی اور عسکری حلقوں سے ہے۔ وہ ماضی میں اسلامی انقلابی گارڈ کور کے اہم کمانڈر رہ چکے ہیں اور مختلف کلیدی عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
وہ پاسدارانِ انقلاب کے جوائنٹ اسٹاف کے سربراہ، نائب کمانڈر ان چیف، وزارت داخلہ میں سیکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے امور کے نائب سربراہ اور آٹھ سال تک عدلیہ میں اسٹریٹجک امور کے نائب سربراہ کے طور پر بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔
یاد رہے کہ علی لاریجانی ایران کے سینئر سیاستدانوں میں شمار ہوتے تھے اور وہ ماضی میں پارلیمنٹ کے اسپیکر سمیت کئی اہم عہدوں پر فائز رہ چکے تھے۔
آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کے بعد علی لاریجانی نے امریکا کے خلاف سخت ردعمل دیا تھا اور ڈونلڈ ٹرمپ پر کھل کر تنقید کرنے والے نمایاں رہنماؤں میں شامل ہو گئے تھے۔
رپورٹس کے مطابق علی لاریجانی کو امریکا نے ایک رہائشی فلیٹ میں نشانہ بنایا، جو ان کی بیٹی کی ملکیت تھا، جہاں وہ اپنے بیٹے کے ساتھ موجود تھے۔
ان کی شہادت کے بعد اس اہم عہدے پر نئی تقرری کو ایران کی سیکیورٹی پالیسی کے مستقبل کے حوالے سے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔