اسلام آباد: عیدالفطر کے چاند کے اعلان میں تاخیر کے خلاف ایک شہری نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں منفرد نوعیت کی درخواست دائر کر دی۔
اسلام آباد کے رہائشی عبد اللہ شفیق جان نے ذاتی حیثیت میں عدالت سے رجوع کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ رویت ہلال کمیٹی کو چاند نظر آنے کے بعد فوری اعلان کرنے کا پابند بنایا جائے۔
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ چاند کے اعلان میں غیر ضروری تاخیر کے باعث لوگ عید کی تیاریوں کے حوالے سے الجھن کا شکار ہو جاتے ہیں اور کئی افراد پہلے ہی تراویح ادا کر لیتے ہیں۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ رات گئے چاند کے اعلان کے باعث مارکیٹوں میں اچانک رش بڑھ جاتا ہے جس سے انتظامی مشکلات اور بد نظمی پیدا ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔
عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ممکنہ لا اینڈ آرڈر کی صورتحال سے بچنے کے لیے انتظامیہ کو مناسب اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی جائے۔
درخواست میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ عید شاپنگ سے متعلق دکانوں کے علاوہ دیگر مارکیٹوں کو بند رکھنے کا حکم دیا جائے اور رویت ہلال کمیٹی کو چاند نظر آتے ہی فوری طور پر اعلان کرنے کی ہدایت کی جائے۔