پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے اپنی 13 رکنی صوبائی کابینہ کا باضابطہ اعلان کردیا ہے، جس کے بعد صوبائی حکومت کا عملی ڈھانچہ مکمل ہوگیا ہے۔
نئی کابینہ میں 10 وزرا، 2 مشیران اور ایک معاون خصوصی شامل کیا گیا ہے۔ کابینہ کی تشکیل کے بعد سیاسی حلقوں میں اسے صوبائی حکومت کے استحکام کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق کابینہ میں شامل وزرا میں مینا آفریدی، ارشد ایوب خان، امجد علی، آفتاب عالم خان، فضل شکور خان، خلیق الرحمان، ریاض خان، سید فخر جہاں اور عاقب اللہ خان شامل ہیں۔ ان اراکین کو مختلف محکموں کی ذمہ داریاں جلد سونپی جائیں گی۔
کابینہ میں مشیر کی حیثیت سے مزمل اسلم اور تاج محمد کو ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں جبکہ شفیع جان وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔
ادھر گورنر ہاؤس کو وزرا کی نامزدگیوں پر مشتمل سمری موصول ہوچکی ہے، جس پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے باقاعدہ دستخط کر دیے ہیں۔
وزرا کی حلف برداری کی تقریب آج دوپہر تین بجے گورنر ہاؤس پشاور میں منعقد ہوگی، جس میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سمیت اعلیٰ حکومتی شخصیات شرکت کریں گی۔
ذرائع کے مطابق تقریب میں نو منتخب وزرا سے حلف گورنر فیصل کریم کنڈی خود دلائیں گے، جس کے ساتھ ہی نئی کابینہ باقاعدہ طور پر اپنے فرائض سنبھال لے گی۔