لاہور:پنجاب، بالخصوص لاہور میں بسنت کے موقع پر موسم کے حوالے سے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے پیش گوئی جاری کر دی ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق بسنت کے دوران لاہور اور اس کے گردونواح میں موسم مجموعی طور پر خوشگوار رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ کے مطابق 6 سے 8 فروری کے دوران لاہور میں موسم خشک رہے گا جبکہ مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ اس دوران شہر کا درجہ حرارت 20 سے 22 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے، جو شہریوں کے لیے معتدل اور خوشگوار موسم کی علامت ہے۔
پی ڈی ایم اے نے مزید بتایا ہے کہ اسی دوران ملک کے شمالی علاقوں میں بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ بارش اور برفباری کے باعث بالائی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر وہاں کے مکینوں اور مسافروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ادھر بسنت کے موقع پر شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے خصوصی احتیاطی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پتنگ بازی کے دوران بجلی کی تاروں اور چھتوں پر خصوصی احتیاط برتی جائے۔
پی ڈی ایم اے نے واضح کیا ہے کہ دھاتی ڈور، کیمیکل ڈور اور دیگر غیر قانونی سامان کے استعمال سے مکمل اجتناب کیا جائے۔ اس کے علاوہ موٹر سائیکل سواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حفاظتی ہیلمٹ کے ساتھ گلے کے حفاظتی کور کا استعمال بھی یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
9