اسلام آباد (ویب ڈیسک) – 12 مارچ 2026 بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے ساتھ جاری مذاکرات میں حوصلہ افزا اور مثبت پیشرفت کی تصدیق کرتے ہوئے پاکستان کے اصلاحاتی اقدامات کو قابلِ تعریف قرار دیا ہے۔
آئی ایم ایف کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ دونوں فریقوں کے درمیان ہونے والی بات چیت نہایت مثبت رہی ہے اور امید ہے کہ آئندہ چند دنوں میں مشاورت کے عمل کو حتمی مرحلے تک پہنچا دیا جائے گا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق 25 فروری سے 11 مارچ تک جاری رہنے والے ان مذاکرات میں معاشی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایم ایف نے پاکستان کی جانب سے اصلاحاتی ایجنڈے پر کی گئی پیش رفت اور ماحولیاتی شعبے میں اقدامات کی تعریف کی ہے۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ فی الحال 7 ارب ڈالر کی توسیعی فنڈ سہولت (Extended Fund Facility) کے تحت اسٹاف لیول معاہدہ طے نہیں پا سکا، تاہم پروگرام پر عمل درآمد طے شدہ وعدوں کے مطابق جاری ہے۔
آئی ایم ایف نے پاکستان کی جانب سے مالیاتی خسارہ کم کرنے، سرکاری مالیاتی نظام کو مضبوط بنانے، توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور اس کی کارکردگی بہتر بنانے کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ مذاکرات میں سماجی تحفظ کے پروگراموں، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں اخراجات بڑھانے کے علاوہ مہنگائی کو قابو میں رکھنے کے لیے سخت مانیٹری پالیسی جاری رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور جنگی صورتحال کے پاکستان کی معیشت پر ممکنہ اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ دونوں جانب سے جاری مشاورت کو جلد از جلد حتمی شکل دی جا سکتی ہے۔
یہ پیش رفت پاکستان کی معاشی استحکام کی کوششوں کے لیے اہم سمجھی جا رہی ہے اور ماہرین کا خیال ہے کہ اسٹاف لیول معاہدے کے بعد بورڈ کی منظوری کا عمل بھی تیزی سے مکمل ہو سکتا ہے۔