لاہور:سوشل میڈیا پر سرگرم ڈاکٹر نبیہا علی خان کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات کے بعد ان کے شوہر حارث کھوکھر نے بھی خاموشی توڑ دی ہے اور اپنا مؤقف پیش کیا ہے۔ ایک ویڈیو پیغام میں حارث کھوکھر نے کہا کہ ان کی اہلیہ حد سے زیادہ شک اور بدگمانی کا شکار ہیں، جبکہ ان کے نزدیک دونوں کے درمیان کوئی ایسا سنجیدہ تنازع موجود نہیں تھا جو رشتے کو اس نہج تک لے آئے۔
حارث کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر نبیہا اپنے میکے کے مقابلے میں ان کے گھر میں زیادہ مطمئن اور خوش تھیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جب انہوں نے نیا کاروبار شروع کیا تو ان کی اہلیہ کی خواہش تھی کہ وہ ہر جگہ انہیں ساتھ لے کر جائیں۔ تاہم ان کے بقول کاروباری ملاقاتوں، سماجی تقریبات اور دوستوں کی محفلوں میں شریک حیات کو ساتھ بٹھانا ہر وقت مناسب نہیں ہوتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب بھی وہ کام کے سلسلے میں گھر سے نکلتے تو ڈاکٹر نبیہا کو گمان ہوتا کہ وہ کسی اور مقصد کے لیے جا رہے ہیں۔ حارث کھوکھر نے واضح کیا کہ انہوں نے کبھی کوئی غیر اخلاقی یا غیر قانونی قدم نہیں اٹھایا، مگر ان کی اہلیہ مسلسل شبہات کا اظہار کرتی رہتی ہیں۔
ان کے مطابق وہ گھر اور خاندان کی ذمہ داریوں کو بہتر انداز میں نبھانے کے لیے محنت کر رہے ہیں، لیکن ہر جگہ بیوی کو ساتھ لے جانا ممکن نہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان کے درمیان نہ کبھی کوئی ہاتھا پائی ہوئی، نہ بدزبانی اور نہ ہی کوئی سنگین جھگڑا پیش آیا، اصل مسئلہ بداعتمادی اور منفی سوچ ہے۔
دوسری جانب ڈاکٹر نبیہا علی خان نے حالیہ ٹی وی گفتگو میں انکشاف کیا تھا کہ ان کی ازدواجی زندگی اس وقت شدید دباؤ کا شکار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رشتہ بظاہر برقرار ہے، مگر حالات اس نہج تک پہنچ چکے ہیں کہ طلاق کا امکان رد نہیں کیا جا سکتا۔
ڈاکٹر نبیہا نے الزام عائد کیا کہ اگر ان کا گھر ٹوٹا تو اس کی ذمہ داری ان کے شوہر کے اہلِ خانہ پر عائد ہوگی۔ ان کے مطابق حارث کھوکھر اپنے والدین کے اثر میں آ کر ان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کرتے ہیں۔
انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ اگر خاندان کو پہلے سے کسی اور رشتے پر اعتراض یا ترجیح تھی تو پھر اس شادی کو قبول کیوں کیا گیا۔ ڈاکٹر نبیہا کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی ازدواجی زندگی کو کامیاب بنانے کے لیے سسرال میں بھرپور کردار ادا کیا، ساس کی خدمت کی، گھریلو امور سنبھالے اور اپنی پیشہ ورانہ مصروفیات میں بھی کمی کی، مگر اس کے باوجود حالات بہتر نہ ہو سکے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال ڈاکٹر نبیہا علی خان اور حارث کھوکھر کی منگنی اور شادی کی خبر نے مداحوں کو حیران کر دیا تھا، تاہم چند ماہ بعد ہی دونوں کے درمیان اختلافات کی خبریں منظرعام پر آنا شروع ہو گئی تھیں۔