عمران خان کو اگلا انجکشن مارچ کی کس تاریخ کو لگے گا، طارق فضل چودھری نے بتادیا

اسلام آباد:طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو آنکھ کے دوسرے طبی مرحلے کے لیے تمام قانونی تقاضے اور انسانی اصول ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے سخت سیکیورٹی میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز منتقل کیا۔
منگل کے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے وضاحتی بیان میں انہوں نے بتایا کہ پہلے طبی عمل کے بعد ڈاکٹروں کی ہدایات کے مطابق بینائی میں واضح بہتری دیکھنے میں آئی، جس کے بعد ماہر معالجین نے دوسرے پروسیجر کی تجویز دی۔ آج یہ مرحلہ کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے اور میڈیکل ٹیم کی اجازت کے بعد انہیں دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آئندہ انجیکشن 24 مارچ کو لگایا جائے گا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہر قیدی کو قانون کے مطابق طبی سہولیات فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، اور اس معاملے میں بھی تمام اقدامات شفاف انداز میں اور مقررہ ضابطوں کے تحت انجام دیے گئے۔