ٹرمپ کا بڑا اعلان، غزہ میں بورڈ آف پیس ممالک کے ہزاروں فوجی اہلکار تعینات ہونگے

ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ بورڈ آف پیس سے وابستہ ممالک نے غزہ میں تعینات کی جانے والی انٹرنیشنل اسٹیبلائزیشن فورس کے لیے ہزاروں اہلکار فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ اس پیش رفت کا باضابطہ اعلان 19 فروری کو واشنگٹن میں ہونے والے بورڈ آف پیس کے اجلاس میں کیا جائے گا، جو ٹرمپ پیس انسٹیٹیوٹ آف پیس میں منعقد ہوگا۔

ٹرمپ کے مطابق رکن ممالک نے غزہ میں انسانی امداد اور تعمیرِ نو کے لیے پانچ ارب ڈالر سے زائد فنڈ فراہم کرنے کا عہد بھی کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ہزاروں اہلکار انٹرنیشنل اسٹیبلائزیشن فورس اور مقامی پولیس کے ساتھ تعینات کیے جائیں گے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حماس کو مکمل اور فوری طور پر غیر مسلح ہونے کے اپنے عزم پر قائم رہنا ہوگا۔ ان کے بقول بورڈ آف پیس مستقبل میں ایک مؤثر عالمی ادارہ ثابت ہوگا اور اس کی سربراہی کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔

دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف بھی آئندہ اجلاس میں شریک ہوں گے اور ان کے ہمراہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی موجود ہوں گے۔

یاد رہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے تحت جنگ بندی کے بعد غزہ میں بین الاقوامی استحکامی فورس کے قیام کی منظوری دی گئی تھی، جبکہ بورڈ آف پیس گزشتہ ماہ باضابطہ طور پر قائم کیا گیا تھا۔