کراچی:بھارت میں نیپاہ وائرس کے پھیلاؤ کے بعد محکمۂ صحت سندھ نے احتیاطی ایڈوائزری جاری کر دی ہے، جس میں عوام اور طبی اداروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق نیپاہ وائرس جانوروں سے انسانوں اور انسانوں سے انسانوں میں منتقل ہو سکتا ہے، تاہم حکام نے واضح کیا ہے کہ پاکستان میں اب تک اس وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔
محکمۂ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ نیپاہ وائرس مختلف وجوہات کے باعث پھیل سکتا ہے، جبکہ اس کی ابتدائی علامات میں بخار، شدید سر درد، کھانسی، جسم میں درد اور الٹی شامل ہیں۔ علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر طبی امداد حاصل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایڈوائزری میں مزید بتایا گیا ہے کہ صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے، تمام سرکاری اور نجی اسپتالوں کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور انہیں وفاقی وزارتِ صحت کی جاری کردہ گائیڈ لائنز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔