دو مسافر ٹرینیں آپس میں ٹکراگئیں، 21 ہلاک اور 100 سے زائد زخمی

میڈرڈ:یورپی ملک اسپین کے جنوبی علاقے میں ایک ہولناک حادثہ پیش آیا جب تیز رفتار مسافر ٹرین اچانک پٹری سے بے قابو ہو کر مخالف سمت سے آنے والی ٹرین سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں دونوں ٹرینیں الٹ گئیں۔

برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق حادثے میں 21 مسافر موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، جبکہ 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے، جن میں 21 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ حادثے کا شکار ہونے والی میڈرڈ سے ہیولوا جانے والی ٹرین کا ڈرائیور بھی جانبر نہ ہو سکا۔

ذرائع کے مطابق حادثے کے وقت ایک ٹرین میں 300 سے زائد جبکہ دوسری میں تقریباً 100 مسافر سوار تھے۔ تصادم کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ ڈبے ایک دوسرے پر چڑھ گئے اور ٹریک کئی مقامات سے اکھڑ گیا۔

حادثے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں، فائر بریگیڈ اور طبی عملہ موقع پر پہنچ گئے، زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ اس دوران ٹرین سروس کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا۔

حکام نے بتایا کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے باضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، اور ابتدائی طور پر تمام ممکنہ عوامل کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔