ٹرمپ کا سعودی عرب کو ایف35 طیارے فروخت کرنے کا اعلان

واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ سعودی عرب کو جدید ترین امریکی ساختہ ایف-35 لڑاکا طیارے فروخت کرنے کی منظوری دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

یہ بات انہوں نے اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ٹرمپ کے اس بیان سے صرف ایک روز قبل سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا دورۂ امریکا شیڈول ہے۔

صدر ٹرمپ نے واضح الفاظ میں کہا کہ “ہم یہ کرنے جا رہے ہیں، ہم ایف-35 طیارے فروخت کریں گے”۔

ماہرین کے مطابق یہ فیصلہ امریکا کی مشرقِ وسطیٰ سے متعلق پالیسی میں ایک بڑی تبدیلی ثابت ہو سکتا ہے، جو خطے کے عسکری توازن پر گہرے اثرات ڈالنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ اقدام واشنگٹن کی اُس پالیسی کو بھی آزما سکتا ہے جس کے تحت امریکا اسرائیل کی ’معیاری فوجی برتری‘ برقرار رکھنے کا پابند ہے۔

رائٹرز کے مطابق سعودی عرب نے زیادہ سے زیادہ 48 ایف-35 طیارے خریدنے کی باضابطہ درخواست دی ہے۔ اربوں ڈالر مالیت کا یہ مجوزہ معاہدہ محمد بن سلمان کے دورۂ امریکا سے قبل پینٹاگون کی ایک اہم منظوری بھی حاصل کر چکا ہے۔

سعودی عرب کئی برسوں سے لاک ہیڈ مارٹن کے اس جدید ترین لڑاکا طیارے میں دلچسپی کا اظہار کرتا رہا ہے۔
ایک سینئر امریکی اہلکار نے ٹرمپ کے اعلان سے قبل بتایا تھا کہ صدر، سعودی ولی عہد سے ملاقات میں اس معاملے پر براہِ راست گفتگو کرنا چاہتے ہیں، جس کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔