نیویارک:عالمی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے بھارت میں مصنوعی ذہانت (AI) کے لیے جدید انفراسٹرکچر کی تعمیر میں مدد دینے کی غرض سے 17.5 ارب ڈالر کی بڑی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ یہ کمپنی کی ایشیا میں اب تک کی سب سے بڑی سرمایہ کاری قرار دی جا رہی ہے۔
کمپنی کے سی ای او ستیا نڈیلا نے نئی دہلی میں بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی سے ملاقات کے بعد بتایا کہ مائیکروسافٹ اگلے چار سال میں یہ سرمایہ کاری کرے گی تاکہ بھارت کو “AI فرسٹ” مستقبل کے لیے تیار کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں انٹرنیٹ صارفین کی تعداد سال کے اختتام تک 90 کروڑ سے بڑھ جائے گی، جس سے ملک میں ڈیجیٹل ترقی کے لیے بہت وسیع مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ اس سرمایہ کاری سے بھارت میں محفوظ اور جدید ہائپر اسکیل AI انفراسٹرکچر تعمیر کیا جائے گا، جس کا مرکزی حصہ حیدرآباد میں قائم ہونے والا انڈیا ساؤتھ سنٹرل کلاؤڈ ریجن ہوگا، جو 2026 کے وسط تک فعال ہو جائے گا۔ یہ نیا کلاؤڈ ریجن سائز میں بھارت کے معروف ایڈن گارڈنز اسٹیڈیم سے دو گنا بڑا ہوگا۔
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے مائیکروسافٹ کی جانب سے بھارت کو ایشیا کے لیے سب سے بڑی سرمایہ کاری کا مرکز منتخب کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی نوجوان نسل اس سے مکمل فائدہ اٹھاتے ہوئے نئی ایجادات اور مصنوعی ذہانت کو بہتر مستقبل کے لیے استعمال کرے گی۔