سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی ایک عام شکایت گلے کی خراش ہوتی ہے۔ کبھی یوں لگتا ہے جیسے حلق میں ریت بھر گئی ہو، کبھی نگلنے میں تکلیف اور کبھی کھانسی کے وقفے، اگرچہ یہ مسئلہ عام ہے، مگر خوش قسمتی سے چند پرانے، آزمودہ اور نہایت آسان گھریلو طریقوں سے اسے کافی حد تک بہتر بنایا جاسکتا ہے۔
یہ وہ ٹوٹکے ہیں جنہیں گھروں میں نسلوں سے استعمال کیا جا رہا ہے اور ڈاکٹر بھی ان کے فوائد کی تصدیق کرتے ہیں۔
1۔ نمک والے نیم گرم پانی کے غرارے
سردیوں میں گلے کی خراش کے لیے سب سے پہلی اور مؤثر تدبیر نمک ملے نیم گرم پانی سے غرارے ہیں۔ نمک گلے کی سوجن کم کرتا ہے، بیکٹیریا کا خاتمہ کرتا ہے اور خراش میں فوری آرام دیتا ہے۔
2۔ شہد اور گرم پانی یا چائے
شہد گلے کو نرمی بخشتا ہے اور اس کی قدرتی اینٹی بیکٹیریل خصوصیات خراش میں جلدی آرام پہنچاتی ہیں۔ گرم پانی یا چائے میں شہد ملا کر پینا بہترین علاج ہے۔
3۔ ادرک کا قہوہ
ادرک گلے کی سوزش کم کرتی ہے، آواز کھولتی ہے اور کھانسی میں کمی لاتی ہے۔ قہوہ بنانے کا طریقہ سادہ ہے: تازہ ادرک کو ابلتے پانی میں چند منٹ پکائیں، چھان کر اس میں شہد ڈالیں اور دن میں دو مرتبہ پئیں۔
4۔ لہسن کا استعمال
لہسن قدرتی اینٹی بائیوٹک سمجھا جاتا ہے۔ باریک کٹا ہوا لہسن گرم پانی یا سوپ میں ملا کر پینا مفید ہے، جبکہ کچا لہسن اور بھی زیادہ مؤثر ثابت ہوتا ہے۔
5۔ گرم سوپ اور یخنی
گرم سوپ نہ صرف جسم کو حرارت دیتا ہے بلکہ گلے کی خراش میں بھی بہت فائدہ مند ہے۔ چکن کارن سوپ، سبزیوں کا سوپ یا یخنی گلے کو نرم کرتی ہے، پانی کی کمی دور کرتی ہے اور جسم کو غذائیت فراہم کرتی ہے—سردیوں کی بہترین شفا بخش غذا۔
6۔ لیموں اور گرم پانی
لیموں وٹامن سی کا خزانہ ہے۔ نیم گرم پانی میں لیموں اور تھوڑا سا شہد ملا کر پینا کھانسی اور خراش دونوں میں آرام دیتا ہے۔
7۔ بھاپ لینا
بھاپ لینے سے گلے کی خراش، کھانسی اور بند ناک میں واضح بہتری آتی ہے۔ پانی ابال کر بھاپ لیں، احتیاط ضرور کریں۔ زیادہ اثر چاہتے ہوں تو پانی میں پودینہ، لونگ یا اجوائن بھی شامل کرسکتے ہیں۔
8۔ زیادہ پانی پینا
سردی میں پانی کم پیا جاتا ہے، لیکن یہی خشکی گلے کی خراش کا سبب بنتی ہے۔ نیم گرم پانی، ہربل چائے اور سوپ بار بار پیئیں تاکہ گلا نم رہے۔
کن چیزوں سے پرہیز ضروری ہے؟
ٹھنڈا پانی، آئس کریم، کولڈ ڈرنکس، بہت زیادہ مصالحہ دار کھانا اور سگریٹ نوشی گلے کی سوزش بڑھاتے ہیں۔ سردیوں میں گرم کپڑے پہنیں، ہاتھوں کی صفائی کا خیال رکھیں اور نزلہ و بخار کی صورت میں لازمی آرام کریں۔
گلے کی خراش تکلیف دہ ضرور ہے، مگر زیادہ تر صورتوں میں گھریلو ٹوٹکوں سے ہی ٹھیک ہوجاتی ہے۔ نمک کے غرارے، شہد، ادرک کا قہوہ، گرم سوپ اور بھاپ چند ہی گھنٹوں میں واضح آرام دیتے ہیں۔ اگر علامات برقرار رہیں یا شدت اختیار کریں تو ڈاکٹر سے مشورہ کرنا ضروری ہے۔