اسلام آباد میں تحریک لبیک پاکستان کے خلاف انتظامیہ کا بڑا ایکشن

وفاقی دارالحکومت میں تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے دفاتر، مساجد اور مدارس کے خلاف بڑی کارروائی عمل میں لائی گئی۔

وفاقی انتظامیہ نے ٹی ایل پی کے رورل ایریا، مری روڈ اور اٹھال چوک میں واقع دفاتر کو سیل کر دیا۔ اسی طرح مدینہ ٹاؤن، سملی ڈیم روڈ اور بارہ کہو میں بھی تنظیم کے مختلف آفسز کو بند کر دیا گیا۔
مرکزی جامع مسجد و مدرسہ انوارِ مدینہ نئی آبادی بارہ کہو کو بھی مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں، شاہ پور، سملی ڈیم روڈ اور بارہ کہو میں یو سی سطح کے دفاتر کو بھی بند کر دیا گیا، جب کہ مسجد ممتاز قادری، جامع مسجد سترہ میل مری روڈ بارہ کہو، یوسی 14 کا دفتر و مدرسہ اور سیری چوک پھلگراں میں واقع ٹی ایل پی کے مراکز کو بھی سیل کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق، اسلام آباد میں ٹی ایل پی کارکنان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
آئی جی اسلام آباد نے تمام ایس ایچ اوز کو تنظیم کے کارکنان اور قیادت کے خلاف کارروائی کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

ادھر مختلف تھانوں کی حدود میں ٹی ایل پی رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
رپورٹس کے مطابق، بارہ کہو رورل ایریا، ترنول اور سنگجانی سے متعدد کارکنان اور رہنماؤں کو زیرِ حراست لے لیا گیا ہے۔