مولانا محمد خان شیرانی نے 77 برس کی عمر میں دوسری شادی کرلی

اسلام آباد:اسلامی نظریاتی کونسل کے سابق چیئرمین اور جید عالمِ دین مولانا محمد خان شیرانی نے 77 سال کی عمر میں دوسری شادی کرلی ہے۔ شادی کی یہ سادہ اور باوقار تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں مذہبی و سماجی شخصیات نے شرکت کی اور مولانا شیرانی کو اس نئے سفر کی مبارکباد پیش کی۔

ذرائع کے مطابق یہ خبر بھی گردش کررہی ہے کہ ان کی عمر اس وقت 92 سال ہے

نجی ٹی وی چینل کے مطابق مولانا محمد خان شیرانی کا نکاح گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کے ساتھ ہوا۔ تقریب میں قریبی عزیز، علما اور بااثر شخصیات شریک ہوئیں۔

مولانا شیرانی نے میڈیا سے گفتگو میں نکاح کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی دوسری شادی ہے، کیونکہ ان کی پہلی اہلیہ کا کچھ عرصہ قبل انتقال ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نکاح سنتِ نبوی ﷺ ہے اور ہر مسلمان کے لیے باعثِ برکت عمل ہے۔

مولانا محمد خان شیرانی پاکستان کی مذہبی و سیاسی دنیا کی ایک معروف شخصیت ہیں۔ وہ ماضی میں اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینئر رہنما رہ چکے ہیں۔ انہوں نے پارلیمنٹ میں بھی کئی برس عوامی نمائندے کے طور پر خدمات انجام دی ہیں۔

سوشل میڈیا پر مولانا شیرانی کی شادی کی خبر کے بعد مختلف حلقوں سے مبارکباد اور دلچسپ تبصرے سامنے آئے ہیں۔ کئی صارفین نے اس موقع پر ان کی صحت، توانائی اور مثبت طرزِ زندگی کو سراہا۔