حکومت کا بڑا فیصلہ، دکانیں کھلی رکھنے کا وقت بڑھا دیا گیا

اسلام آباد میں کفایت شعاری مہم کے تحت حکومت نے دکانیں کھلی رکھنے کے اوقات میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ فیصلہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت ایندھن کے تحفظ اور اضافی کفایت شعاری اقدامات کی نگرانی اور ان پر عملدرآمد سے متعلق کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس کے دوران مختلف وزارتوں اور ڈویژنز کی جانب سے کفایت شعاری پالیسیوں سے استثنا کی گئی درخواستوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ساتھ ہی مختلف محکموں کی طرف سے پیش کیے گئے کیسز پر بھی غور کیا گیا اور بعض شعبوں کو کفایت شعاری اقدامات سے رعایت دینے سے متعلق سفارشات کو حتمی شکل دے دی گئی۔
اسلام آباد میں کفایت شعاری اقدامات سے متعلق حکومتی کمیٹی کے اجلاس میں عوامی سہولت کے پیش نظر متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس میں طے پایا کہ وزارتِ خارجہ اور اس کے کوئٹہ، کراچی، پشاور، گجرات اور لاہور میں موجود رابطہ دفاتر میں قونصلر تصدیقی خدمات اب جمعہ کے روز بھی فراہم کی جائیں گی۔
اجلاس میں یہ سفارش بھی منظور کی گئی کہ کفایت شعاری کے تحت نافذ کیے گئے وہ اضافی اقدامات جن کی مدت 13 جون 2026 تک مقرر تھی، انہیں بڑھا کر 30 جون 2026 تک نافذ رکھا جائے۔
مزید برآں کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ علیحدہ طور پر قائم گروسری اور کریانہ اسٹورز کے اوقات کار میں توسیع کی جائے گی، جس کے مطابق یہ دکانیں ہفتے اور اتوار سمیت تمام دن رات 10 بجے تک کھلی رہیں گی۔
اجلاس میں مختلف وفاقی وزرا اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جن میں وزیر پیٹرولیم، وزیر موسمیاتی تبدیلی، وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ، نائب وزیراعظم کے معاون خصوصی، اور کابینہ، تجارت، پیٹرولیم اور آئی ٹی و ٹیلی کام ڈویژنز کے سیکرٹریز سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے سینئر افسران شامل تھے۔