رواں سال 23 الیکٹرک گاڑیاں مارکیٹ میں آنے کو تیار

کراچی: پاکستان کی آٹو موبائل مارکیٹ ایک نئے دور میں داخل ہونے جا رہی ہے جہاں برقی اور ہائبرڈ ٹیکنالوجی سے چلنے والی گاڑیاں تیزی سے مقبولیت حاصل کر رہی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آنے والے چند برسوں میں روایتی پٹرول سے چلنے والی گاڑیوں کی جگہ جدید توانائی پر مبنی گاڑیاں نمایاں مقام حاصل کر سکتی ہیں۔

صنعتی ذرائع کے مطابق رواں سال جون سے دسمبر 2026 کے دوران ملکی مارکیٹ میں 23 نئی گاڑیوں کی رونمائی متوقع ہے۔ ان میں سے 20 ماڈلز ایسے ہوں گے جو مکمل یا جزوی طور پر برقی ٹیکنالوجی پر مبنی ہوں گے۔

اعدادوشمار ظاہر کرتے ہیں کہ متوقع نئی گاڑیوں میں تقریباً 87 فیصد ماڈلز الیکٹرک، ہائبرڈ یا رینج ایکسٹینڈڈ پاور سسٹم سے لیس ہوں گے، جو آٹو سیکٹر میں تیزی سے بدلتے رجحانات کی عکاسی کرتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق چین کی معروف آٹو کمپنیاں پاکستانی شراکت داروں کے تعاون سے مقامی مارکیٹ میں اپنی سرمایہ کاری اور موجودگی بڑھا رہی ہیں، جس کے نتیجے میں الیکٹرک گاڑیوں کے شعبے کو مزید فروغ مل رہا ہے۔

آٹو انڈسٹری کے تجزیہ کار شفیق احمد شیخ کا کہنا ہے کہ اس تبدیلی کی بنیاد آٹو انڈسٹری ڈیولپمنٹ اینڈ ایکسپورٹ پالیسی 2021-26 کے تحت رکھی گئی تھی، جس کے مثبت نتائج اب نمایاں ہونا شروع ہو گئے ہیں۔

ان کے مطابق مجوزہ آٹو پالیسی 2026-31 اس عمل کو مزید تیز کرے گی۔ حکومت کی کوشش ہے کہ درآمدی پٹرولیم مصنوعات اور ایل این جی پر انحصار میں بتدریج کمی لائی جائے اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں برقی نظام کو فروغ دیا جائے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ منصوبہ کامیابی سے آگے بڑھتا ہے تو ملک کو سالانہ تقریباً 4.5 ارب ڈالر کے زرمبادلہ کی بچت حاصل ہو سکتی ہے، جو معیشت کے لیے ایک اہم پیش رفت ہوگی۔

حکومت کی جانب سے الیکٹرک گاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے مختلف مراعات اور سہولتیں بھی فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ صارفین اور سرمایہ کار اس شعبے کی جانب زیادہ راغب ہوں۔