لاہور:لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے ڈبل سورس کنکشنز کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرتے ہوئے شہر بھر میں ایسے تمام کنکشنز ختم کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو کی جانب سے واضح ہدایت دی گئی ہے کہ ایک ہفتے کے اندر لاہور بھر میں ہر قسم کے ڈبل سورس کنکشنز کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔ یہ کارروائی صرف عام رہائشی علاقوں تک محدود نہیں ہوگی بلکہ سرکاری رہائش گاہوں کو بھی اس کے دائرہ کار میں شامل کیا گیا ہے۔
لیسکو حکام کے مطابق ڈبل سورس کنکشنز انسانی جانوں کے لیے شدید خطرہ بن رہے ہیں۔ حالیہ دنوں میں مصطفیٰ آباد کے علاقے میں اسی نوعیت کے ایک کنکشن کے باعث ایک لائن مین حادثے کا شکار ہوا، جس کے بعد ادارے نے اس معاملے پر سخت مؤقف اپنایا ہے اور فوری ایکشن کا فیصلہ کیا ہے۔
انتظامیہ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اگر مستقبل میں کسی بھی ڈبل سورس کنکشن کی وجہ سے جانی نقصان پیش آیا تو متعلقہ ایکسین اور ایس ڈی او کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی، جس میں ملازمت سے برطرفی تک کی سزا بھی شامل ہو سکتی ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ اس حوالے سے کسی بھی بااثر شخصیت یا سرکاری افسر کو رعایت نہیں دی جائے گی اور سب کے لیے یکساں پالیسی پر عمل درآمد ہوگا۔ تاہم چند حساس مقامات جیسے ہسپتال، گورنر ہاؤس اور وزیر اعلیٰ ہاؤس کو خصوصی خودمختار فیڈرز کے تحت محدود نوعیت کی ڈبل سورس سہولت حاصل رہے گی۔