ملزمہ پنکی منشیات کی خرید و فروخت کے معاملات کیسے چلاتی ہے ؟اہم معلومات حاصل

کراچی:کراچی میں گرفتار ہونے والی انمول عرف پنکی کے بارے میں تحقیقاتی اداروں نے اہم معلومات حاصل کرلی ہیں۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزمہ منشیات کی خرید و فروخت کے معاملات جدید انداز میں چلاتی تھی اور ادائیگیوں کے لیے آن لائن طریقہ استعمال کیا جاتا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے خریداروں تک منشیات پہنچانے کے لیے وہ روایتی ڈیلیوری سسٹم سے گریز کرتی تھی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ملزمہ مخصوص مقامات پر منشیات رکھوا دیتی اور بعد ازاں خریدار کو خفیہ طور پر مقام کی اطلاع دی جاتی، جہاں سے وہ مطلوبہ چیز حاصل کر لیتا تھا۔

تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ اس نیٹ ورک کی سرگرمیاں شہر کے پوش علاقوں تک محدود نہیں تھیں بلکہ مختلف تعلیمی ادارے بھی اس کے دائرۂ کار میں شامل تھے۔ تفتیشی حکام کے مطابق منشیات کی ترسیل کے لیے ایک منظم گروہ کام کر رہا تھا جس میں ایک خاتون سمیت پانچ مرد شریک تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ چھ افراد پر مشتمل یہ گروپ مختلف علاقوں میں سپلائی کے فرائض انجام دیتا تھا، تاہم شبہ ہے کہ ملزمہ اس کے علاوہ بھی الگ ذرائع سے منشیات کی خرید و فروخت میں ملوث رہی ہے۔

تفتیشی افسران کے مطابق انمول عرف پنکی کے رابطوں، مالی لین دین اور ممکنہ سہولت کاروں سے متعلق مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ پورے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا جاسکے۔