بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کا ایک مشہور ڈائیلاگ ایک بار پھر خبروں میں نمایاں ہو گیا، تاہم اس مرتبہ اس کا تعلق فلمی دنیا کے بجائے عالمی سیاست سے ہے۔
ممبئی میں قائم ایرانی قونصل خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک ویڈیو جاری کی، جس میں سمندر میں تیز رفتار کشتیوں اور میزائل سرگرمیوں کے مناظر دکھائے گئے۔
اس ویڈیو کے ساتھ دیے گئے کیپشن میں خلیج فارس میں ایرانی بحریہ کی تیاریوں کو اجاگر کیا گیا اور ایک سخت پیغام بھی دیا گیا۔
ایرانی قونصل خانے نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان پر طنزیہ انداز اپناتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ ایران کی بحری طاقت کو کمزور قرار دیتے رہے، لیکن اب انہیں اندازہ ہو جائے گا کہ ایک مضبوط قوت کس طرح فوری دباؤ ڈال سکتی ہے۔
دلچسپ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب ایرانی قونصل خانے نے اپنی پوسٹ میں فلم “اوم شانتی اوم” کا معروف ڈائیلاگ بھی شامل کیا: ’’ابھی تو صرف ٹریلر ہے، پکچر ابھی باقی ہے‘‘ جو عموماً زبردست واپسی کے اظہار کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
یہ ڈائیلاگ شامل ہوتے ہی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا اور صارفین نے عالمی سیاست اور بالی ووڈ کے اس منفرد امتزاج پر دلچسپ تبصرے کیے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایران کی بحری طاقت کو کمزور قرار دیتے ہوئے سخت بیانات دیے تھے، جس کے جواب میں ایرانی قونصل خانے کی یہ پوسٹ سامنے آئی۔