امریکہ کیلئے بڑا جھٹکا، پولینڈ کا اپنا جدید دفاعی نظام مشرقِ وسطیٰ بھیجنے سے انکار

یورپی ملک پولینڈ نے اپنا جدید پیٹریاٹ میزائل دفاعی نظام مشرقِ وسطیٰ بھیجنے سے انکار کر دیا ہے، جس کے بعد خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر نئی بحث شروع ہو گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولینڈ کی حکومت نے دو ٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے اہم دفاعی اثاثے کسی دوسرے خطے میں منتقل نہیں کرے گا۔

اس حوالے سے پولینڈ کے وزیرِ دفاع نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ پیٹریاٹ میزائل بیٹریاں اس وقت ملک کی فضائی حدود کے تحفظ کے ساتھ ساتھ نیٹو کے مشرقی محاذ کے دفاع میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ سیکیورٹی حالات میں ان نظاموں کو ملک سے باہر بھیجنا قومی سلامتی کو خطرے میں ڈال سکتا ہے، اس لیے انہیں پولینڈ کے اندر ہی تعینات رکھا جائے گا۔

رپورٹس کے مطابق یہ فیصلہ ان خبروں کے بعد سامنے آیا جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ امریکا، ایران کے خلاف ممکنہ کارروائی کے تناظر میں ان سسٹمز کو مشرقِ وسطیٰ میں تعینات کرنا چاہتا ہے۔ تاہم پولینڈ کے واضح انکار کے بعد ایسی کسی بھی ممکنہ تعیناتی پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔

ماہرین کے مطابق پولینڈ کا یہ مؤقف اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ یورپی ممالک موجودہ عالمی حالات میں اپنی دفاعی ضروریات کو اولین ترجیح دے رہے ہیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب سیکیورٹی خدشات میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔