تہران:ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی اور امریکی اہداف کے خلاف میزائل حملوں کی ایک نئی لہر شروع کر دی گئی ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق یہ کارروائی “آپریشن وعدہ صادق 4” کے تحت انجام دی گئی۔
پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حملوں کی 57 ویں لہر ہے، جس میں مختلف اقسام کے بیلسٹک میزائل استعمال کیے گئے۔ بیان کے مطابق اس کارروائی کو “یا سید الساجدین علیہ السلام” کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ حملوں کے دوران مقبوضہ علاقوں میں موجود متعدد اہم عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جن میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز، میزائل دفاعی نظام اور مواصلاتی مراکز شامل ہیں۔ ان کارروائیوں میں خیبر شکن، عماد اور قدر جیسے بیلسٹک میزائل استعمال کیے گئے۔
بیان کے مطابق ایران نے قطر میں واقع العدید ایئر بیس کو بھی نشانہ بنایا، جہاں امریکی فوجی موجود ہیں۔ اس حملے میں ذوالفقار اور قیام درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کے ساتھ ڈرونز بھی استعمال کیے گئے۔
تاہم ان حملوں کے نتیجے میں ہونے والے ممکنہ نقصانات یا جانی نقصان کے بارے میں تاحال کسی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے، جبکہ متعلقہ ممالک کی جانب سے بھی فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔