امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک قریبی مشیر نے انہیں تجویز دی ہے کہ امریکا ایران کے خلاف اپنی کارروائی کو کامیاب قرار دے کر جنگ کا خاتمہ کرے اور وہاں سے دستبردار ہو جائے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاؤس کے ٹیک اور اے آئی مشیر ڈیوڈ سیکس نے ٹرمپ کو یہ مشورہ دیا ہے کہ امریکا کو فتح کا اعلان کرتے ہوئے ایران سے نکل جانا چاہیے۔
ڈیوڈ سیکس کا کہنا تھا کہ جنگ کو مزید طول دینا تباہ کن نتائج کا باعث بن سکتا ہے اور امریکا کو ایک طویل جنگ میں الجھا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ ایران جنگ کے حوالے سے وائٹ ہاؤس میں اختلافات پائے جا رہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق امریکی حکومت کے اندر اس جنگ کے بارے میں دو مختلف آراء موجود ہیں۔ کچھ حکام کی خواہش ہے کہ فوجی کارروائی جاری رکھی جائے تاکہ ایران کی فوجی صلاحیت کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔
جبکہ کچھ مشیروں کا کہنا ہے کہ امریکا اپنے اہداف حاصل کر چکا ہے، اس لیے اب جنگ ختم کر دینی چاہیے۔
تاہم ٹرمپ کا مؤقف ہے کہ اس جنگ کا اختتام اسی وقت ہوگا جب انہیں مناسب لگے گا۔