تہران:ایران کے خلاف اسرائیل اور امریکا کی جاری جنگ کے باعث عالمی فضائی صنعت کو بھاری مالی نقصان کا سامنا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق دنیا کی 20 بڑی ایئر لائنز کو مجموعی طور پر تقریباً 53 ارب ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس جنگ کے اثرات خاص طور پر خلیجی ممالک کے ہوائی اڈوں اور فضائی آپریشنز پر نمایاں طور پر محسوس کیے جا رہے ہیں۔
متعدد پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہیں، جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
برطانوی اخبار کے مطابق ایئر لائن انڈسٹری پہلے ہی کورونا وبا کے بعد بحالی کے مرحلے میں تھی، تاہم موجودہ جنگ نے اسے ایک نئے اور سنگین بحران سے دوچار کر دیا ہے۔
ماہرین کے مطابق جنگ کے باعث ایندھن کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے، جو اس صنعت کے مسائل میں مزید اضافہ کر سکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جنگ کے آغاز کے بعد جیٹ فیول کی قیمتیں تقریباً دوگنا ہو چکی ہیں، جس سے ایئر لائنز کے اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
اس صورتحال کے پیش نظر آئندہ دنوں میں فضائی ٹکٹوں کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کا براہِ راست اثر مسافروں پر پڑے گا۔
1