ایران کے اسرائیل پر میزائل حملے، درجنوں افراد زخمی، شہریوں کو محفوظ مقامات پر جانے کی ہدایت

اسرائیل پر ہونے والے میزائل حملوں میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے ہیں، جس کے بعد متاثرہ علاقوں میں شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق اسرائیلی ہنگامی امدادی اداروں نے جمعہ کی علی الصبح شمالی علاقے کے ایک گاؤں میں میزائل گرنے کے واقعے کی تصدیق کی ہے جس کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہوئے۔
مقامی ایمبولینس سروس کے مطابق طبی عملے نے 58 زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی اور انہیں ناصرہ کے قریب واقع اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔
اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایک خاتون میزائل کے نوکدار ٹکڑے لگنے سے زخمی ہوئیں جبکہ باقی 57 افراد شیشے کے ٹکڑوں سے لگنے والی معمولی چوٹوں کا شکار ہوئے۔
اسرائیلی فوج نے بتایا ہے کہ ہوم فرنٹ کمانڈ کے اہلکاروں کو جائے وقوع پر روانہ کر دیا گیا ہے تاکہ صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے۔
فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ امدادی اور ریسکیو اداروں کے ساتھ مل کر متاثرہ مقام کا معائنہ کیا جا رہا ہے اور علاقے کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
مزید یہ کہ اسرائیلی فوج نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ وہ ایران کی جانب سے داغے جانے والے میزائلوں کو فضا میں روکنے کی کوشش کر رہی ہے۔