اسلام آباد: پاکستان نے افغان طالبان کی مبینہ اشتعال انگیزی کے ردعمل میں زمینی اور فضائی کارروائیوں میں نمایاں شدت پیدا کر دی ہے، جبکہ بگرام کے فوجی ہوائی اڈے پر بھرپور فضائی حملے کئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق پاکستان نے افغانستان کے نہایت اہم عسکری مرکز بگرام کے فوجی ہوائی اڈے کو ہدف بنایا، جس کے نتیجے میں ایک طیارہ گاہ اور دو ذخیرہ گاہیں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔ اس کارروائی سے متعلق خلائی تصاویر سامنے آنے کا دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے۔
امریکی اخبارنیویارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ پاکستان نے بگرام کے فوجی ہوائی اڈے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جبکہ افغانستان کی وزارتِ دفاع نے بھی پاکستانی فضائی حملے کی تصدیق کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ سات دنوں کے دوران پاکستان نے افغانستان کے مختلف علاقوں میں پچاس سے زائد فضائی کارروائیاں کی ہیں۔
دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بگرام کے فوجی ہوائی اڈے کو نشانہ بنانا افغان طالبان حکومت کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے اور اس اقدام سے واضح پیغام دیا گیا ہے کہ پاکستان ضرورت پیش آنے پر افغانستان کے کسی بھی مقام پر کارروائی کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ماہرین کے مطابق پاکستان کی جانب سے بارہا تنبیہ کے باوجود افغانستان کی سرزمین دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے استعمال ہوتی رہی، جن میں مبینہ طور پر امریکا کا چھوڑا ہوا اسلحہ بھی بروئے کار لایا جاتا رہا ہے۔
11