پنجاب میں ایک سال کے دوران 10 لاکھ نوکریاں دیں،وزیراعلیٰ مریم نواز

لاہور:پنجاب حکومت نے روزگار کی فراہمی کے میدان میں ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے فروری 2024 سے اب تک صوبے بھر میں 9 لاکھ 94 ہزار 36 سے زائد روزگار کے مواقع پیدا کر دیے ہیں، جن پر بھرتیوں کا عمل بھی مکمل کیا جا چکا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس تاریخی پیش رفت سے متعلق اپنے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے بتایا کہ مختلف سرکاری اقدامات اور ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے صوبے میں بڑے پیمانے پر روزگار کے نئے مواقع میسر آئے ہیں۔

ان کے مطابق 3 لاکھ 15 ہزار 536 ملازمتیں سرکاری محکموں، ادارہ جاتی اصلاحات اور عوامی خدمات میں توسیع کے نتیجے میں پیدا ہوئیں، جن میں مریم نواز ہیلتھ کلینکس، تعلیمی ادارے، ستھرا پنجاب اور دیگر فلاحی منصوبے شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ نے مزید بتایا کہ 2 لاکھ 3 ہزار روزگار کے مواقع آسان کاروبار اقدامات کے تحت ایس ایم ای فنانسنگ کے ذریعے فراہم کیے گئے، جس کا مقصد چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو فروغ دینا ہے۔

مریم نواز شریف کے مطابق 4 لاکھ 75 ہزار 500 براہِ راست اور بالواسطہ ملازمتیں اپنی چھت اپنا گھر، سڑکوں کی تعمیر اور دیگر ترقیاتی منصوبوں سے وابستہ ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومتِ پنجاب غربت کے خاتمے، جامع معاشی ترقی اور پائیدار روزگار کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔