اسلام آباد:وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بعض ججز نے آئین و قانون کے تقاضوں کے بجائے مخصوص سیاسی مفادات کا تحفظ کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ جب انصاف کے تقاضے پامال ہو رہے تھے تو اُس وقت کسی کو یہ اشعار یاد نہیں آئے۔ ان کے مطابق چند ججز نے مل کر آئین و قانون کے محافظ کے بجائے ایک سیاسی جماعت کے مفادات کا ساتھ دیا۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ یہ ججز خود کو عدلیہ کے نمائندے کے بجائے سیاسی کارکن ثابت کرتے رہے۔ انہوں نے لکھا کہ اگر یہ لوگ آج اشعار لکھنے سے پہلے اپنے ماضی پر نظر ڈال لیتے تو شاید انہیں کچھ احساسِ ندامت ہو جاتا۔
ایک اور ٹوئٹ میں وزیر دفاع نے کہا کہ آدھی رات کو محض ایک گھنٹے میں 52 قوانین منظور کرنے والے اور اسمبلی تحلیل کرنے والے آج ہمیں آئینی ترامیم اور قانون سازی پر طعنے دے رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اقتدار کے لیے ہر حد پار کرنے والے اور ’’ولدیت‘‘ کے خانے میں جنرل باجوہ کا نام لکھنے والے اب پاک دامنی اور اصولوں پر لیکچر دینے لگے ہیں۔