لاہور:میانمار کے ساحل کے قریب پیش آنے والے ایک المناک سمندری حادثے میں 500 سے زیادہ افراد کو لے جانے والی دو کشتیاں الٹ گئی ہیں، جس کے نتیجے میں تمام مسافروں کے جان بحق ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اقوام متحدہ سے وابستہ اداروں کے مطابق، میانمار میں جاری تنازع اور بدامنی کے باعث بڑی تعداد میں پناہ کے متلاشی افراد محفوظ زندگی اور بہتر مستقبل کی امید میں سمندر کے ذریعے انتہائی خطرناک سفر اختیار کر رہے تھے۔
انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن (IOM) اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (UNHCR) نے مشترکہ بیان میں بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دونوں کشتیاں جون کے آخری دنوں میں میانمار کی راکھین ریاست سے روانہ ہوئی تھیں۔ ان کشتیوں میں سوار زیادہ تر افراد کا تعلق روہنگیا برادری سے تھا۔
بیان کے مطابق بعض مسافر ایسے بھی تھے جو بنگلہ دیش کے علاقے کاکس بازار میں قائم روہنگیا پناہ گزین کیمپوں سے اس سفر پر روانہ ہوئے تھے۔
دونوں اداروں نے واضح کیا کہ حادثے اور ممکنہ ہلاکتوں کی تعداد کی سرکاری سطح پر تاحال تصدیق نہیں ہو سکی، تاہم دستیاب ابتدائی معلومات کی بنیاد پر بڑے پیمانے پر جانی نقصان کے خدشات انتہائی تشویشناک ہیں، جس پر یو این ایچ سی آر اور آئی او ایم نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔