لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ ڈیپارٹمنٹ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے بھر میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ، الیکٹرک بسوں، ای ٹیکسیوں، ای بائیکس، ای تھری وہیلرز، ماس ٹرانزٹ منصوبوں اور مقامی مینوفیکچرنگ انڈسٹری سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں پنجاب میں گرین ٹرانسپورٹ کے بڑے منصوبے کے تحت مزید الیکٹرک بسیں، ای ٹیکسیاں، ای بائیکس اور ای تھری وہیلرز بیک وقت متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ منصوبے کے مطابق آئندہ پانچ سال کے دوران 5 ہزار الیکٹرک بسیں پنجاب کے عوام کو سفری سہولیات فراہم کریں گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی بزنس فرینڈلی پالیسیوں کے نتیجے میں پنجاب نے الیکٹرک بسوں کی مینوفیکچرنگ انڈسٹری کے قیام کا اہم سنگِ میل بھی عبور کر لیا ہے۔ صوبے میں قائم اسمبلنگ پلانٹ نے الیکٹرک بسوں کی اسمبلنگ کا آغاز کر دیا ہے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب اب صرف بسیں چلا نہیں رہا بلکہ بسیں بنا بھی رہا ہے۔ صوبے میں نئی مینوفیکچرنگ انڈسٹری کا قیام ایک اعزاز ہے۔
اجلاس میں نوجوان طلبہ کے لیے آسان اور سود سے پاک اقساط پر ای بائیکس دوبارہ متعارف کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ منصوبے کے تحت ایک سال میں طلبہ کو ایک لاکھ ای بائیکس فراہم کی جائیں گی، جبکہ پنجاب حکومت ہر ای بائیک پر 70 ہزار روپے سبسڈی دے گی۔
طلبہ کو ای بائیک کے حصول کے لیے 14 ہزار روپے ڈاؤن پیمنٹ کرنا ہوگی، جبکہ ماہانہ صرف 2100 روپے کی سود سے پاک قسط ادا کرنا پڑے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کی طالبات کے لیے خصوصی سہولت کا اعلان کرتے ہوئے ای بائیکس کی ڈاؤن پیمنٹ اور رجسٹریشن فیس ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ طالبات کو ای بائیک حاصل کرنے کے لیے صرف 2100 روپے ماہانہ کی سود سے پاک قسط ادا کرنا ہوگی۔
پنجاب کے سرکاری ملازمین بھی آسان اقساط پر ای بائیکس حاصل کر سکیں گے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ گوجرانوالہ، گجرات، راولپنڈی، ملتان، ساہیوال، بہاولپور، ڈی جی خان، فیصل آباد اور سرگودھا ڈویژنز کی 91 تحصیلوں میں 1500 بسیں چلائی جائیں گی۔ پہلے مرحلے میں ان 91 تحصیلوں کے لیے 1500 الیکٹرک بسیں فراہم کی جائیں گی۔
تحصیل کی سطح پر 1500 الیکٹرک بسوں کی خریداری کے پی سی ون کی بھی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس کے شرکا کو الیکٹرک بسوں، گوجرانوالہ اور فیصل آباد ماس ٹرانزٹ منصوبوں، ای ٹیکسیوں، لاہور ایس آر ٹی، الیکٹرک بائیکس، کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر اور مری گلاس ٹرین کے منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔
حکام نے بتایا کہ فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں جدید ماس ٹرانزٹ سسٹم کے منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے، جبکہ دونوں شہروں کے منصوبوں سے متعلق تفصیلی پیش رفت رپورٹ بھی وزیراعلیٰ کو پیش کی گئی۔