ایران کی بندرگاہوں کو خطرہ ہوا تو خطے کی کوئی بھی بندرگاہ محفوظ نہیں رہے گی: پاسداران انقلاب

تہران: ایران کے فوجی ترجمان نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایرانی بندرگاہوں کو کسی بھی نوعیت کا خطرہ لاحق ہوا تو خطے کی کوئی بھی بندرگاہ محفوظ نہیں رہے گی، جس سے علاقائی کشیدگی میں اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
ایرانی افواج کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ خلیجی بندرگاہیں یا تو سب کے لیے محفوظ ہوں گی یا پھر کسی کے لیے بھی نہیں رہیں گی۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ بین الاقوامی پانیوں میں جہازوں پر عائد کی جانے والی امریکی پابندیاں غیرقانونی ہیں اور یہ اقدام بحری قزاقی کے مترادف ہے۔
ترجمان نے مزید وضاحت کی کہ امریکی دھمکیوں کے بعد ایران آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول قائم کرنے کے لیے ایک مستقل نظام نافذ کرنے جا رہا ہے، جس کے ذریعے سمندری آمد و رفت کو باقاعدہ بنایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا اور اگر اس کی بندرگاہوں یا بحری راستوں کو نشانہ بنایا گیا تو اس کے اثرات پورے خطے میں محسوس کیے جائیں گے۔
ماہرین کے مطابق ایران کے اس بیان سے خلیجی خطے میں تجارتی سرگرمیوں اور تیل کی ترسیل متاثر ہو سکتی ہے، کیونکہ آبنائے ہرمز اور خلیج عمان عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے نہایت اہم سمندری راستے ہیں۔