بیرسٹر سلمان صفدر کے حالیہ ٹویٹ پر چیئرمین پی ٹی آئی، بیرسٹر گوہر علی خان نے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان کو قید تنہائی میں رکھنے کی سخت مذمت کرتے ہیں۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے زور دیا کہ بانی چیئرمین کے حقوق جیل کے قوانین اور ضوابط کے مطابق فوری طور پر بحال کیے جائیں اور ان کی صحت کے حوالے سے شدید تشویش پائی جاتی ہے، اس لیے انہیں فوراً اسپتال منتقل کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سلمان صفدر نے اپنی گزشتہ رپورٹ میں بانی چیئرمین کی رہائشی صورتحال کو تسلی بخش قرار دیا تھا، تاہم موجودہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بانی چیئرمین اور بشریٰ بی بی کو گزشتہ 24 گھنٹوں سے قید تنہائی میں رکھا گیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ بانی چیئرمین کی رہائشی حالت کو فوری بہتر بنایا جائے اور چیف جسٹس اس معاملے کا نوٹس لیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بانی چیئرمین کا آنکھ کا علاج جاری ہے۔