ہماری بات نہ مانی تو نیٹو کا انجام اچھا نہیں ہوگا:ٹرمپ کا دو ٹوک پیغام

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر اتحادی ممالک نے اہم عالمی گزرگاہ آبنائے ہرمز کو کھلوانے اور محفوظ رکھنے کے لیے امریکا کا ساتھ نہ دیا تو مغربی فوجی اتحاد نیٹو کا مستقبل خطرے میں پڑ سکتا ہے۔
برطانیہ کے ایک اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ اس وقت امریکا ایران کے ساتھ رابطے میں ہے، تاہم ان کے خیال میں تہران کسی نئے معاہدے کے لیے آمادہ نظر نہیں آ رہا۔
انہوں نے بتایا کہ آبنائے ہرمز کے معاملے پر امریکا تقریباً سات ممالک سے مشاورت کر رہا ہے اور ان سے کہا جا رہا ہے کہ وہ اس اہم سمندری راستے کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں۔ ٹرمپ کے مطابق اسرائیل بھی اس مقصد کے لیے امریکا کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اگر نیٹو کے رکن ممالک نے اس معاملے میں امریکا کا ساتھ نہ دیا تو اس اتحاد کے مستقبل پر سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
ٹرمپ نے یہ اشارہ بھی دیا کہ اسی مہینے کے آخر میں چین کے صدر شی جن پنگ کے ساتھ طے شدہ ملاقات مؤخر ہونے کا امکان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ملاقات اسی وقت فائدہ مند ثابت ہوگی جب وہ ممالک جو آبنائے ہرمز کے راستے فائدہ اٹھاتے ہیں، اس کی حفاظت یقینی بنانے میں بھی اپنا حصہ ڈالیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ٹرمپ نے جنوبی کوریا، جاپان، فرانس، چین اور برطانیہ سمیت دیگر ممالک سے اپیل کی تھی کہ وہ اپنے بحری بیڑے کے جہاز آبنائے ہرمز کے علاقے میں بھیجیں تاکہ عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کو محفوظ بنایا جا سکے۔
تاہم اس درخواست کے باوجود دنیا کے مختلف ممالک کی جانب سے محتاط یا خاموش ردِعمل سامنے آیا ہے اور ابھی تک کسی ملک نے باضابطہ طور پر اپنے بحری جہاز بھیجنے کا اعلان نہیں کیا۔ اطلاعات کے مطابق فرانس، برطانیہ، جاپان اور آسٹریلیا نے اس تجویز کو قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔