راولپنڈی:اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے آج اہلِ خانہ، وکلاء اور پارٹی رہنماؤں کی ملاقات کا دن ہے۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے سیکیورٹی مزید سخت کر دی ہے۔ صورتحال کے پیش نظر اڈیالہ روڈ پر موجود تمام تعلیمی ادارے اور دکانیں بھی بند کروا دی گئی ہیں۔
پی ٹی آئی نے ملاقات کے لیے 6 وکلاء کی فہرست جیل انتظامیہ کو بھجوائی ہے، جن میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان، سلمان اکرم راجا، بیرسٹر سلمان صفدر، علی زمان، سردار نبی اور طلعت محمود شامل ہیں۔ عمران خان کی بہنیں بھی آج جیل پہنچیں گی جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ سہیل آفریدی کی آمد بھی متوقع ہے۔ پارٹی نے اپنے تمام اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو اڈیالہ پہنچنے کی ہدایت کر دی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے راولپنڈی میں تین دن کے لیے دفعہ 144 نافذ کی ہے جس کے تحت ہر قسم کے سیاسی و مذہبی اجتماع پر پابندی ہوگی۔ اڈیالہ جیل کے اطراف سخت سیکیورٹی لگا دی گئی ہے اور اڈیالہ روڈ پر پانچ اضافی ناکے قائم کیے گئے ہیں۔
داہگل ناکہ، گیٹ ون، گیٹ فائیو، فیکٹری ناکہ اور گورکھپور پر پولیس کی اضافی نفری تعینات رہے گی۔ مجموعی طور پر 700 سے زائد پولیس اہلکار، خواتین پولیس، اور 12 تھانوں کے ایس ایچ اوز ڈیوٹی پر موجود رہیں گے۔ تمام اہلکار اینٹی رائٹ سامان سے لیس ہوں گے جبکہ جیل کی سیکیورٹی نفری بھی اسٹینڈ بائی پر رکھی گئی ہے۔ اڈیالہ روڈ پر داخل ہونے والی ہر گاڑی کی جامع چیکنگ کی جائے گی۔
انتظامیہ کے مطابق امن و امان یقینی بنانے کے لیے پولیس اور دیگر ادارے مشترکہ طور پر کام کریں گے، جبکہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
گورکھپور اور گردونواح میں موجود تمام نجی تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں۔ پولیس نے حالات کے پیش نظر گورکھپور بازار کے تاجروں کو بھی آج کاروبار بند رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ اڈیالہ روڈ اور چکری انٹرچینج سمیت مختلف مقامات پر 8 سے زائد ناکے لگا دیے جائیں گے۔
27