ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اردو زبان میں ایک بیان جاری کرتے ہوئے پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ امریکی اور صہیونی جارحیت کے سامنے پاکستان کی حکومت اور عوام نے ایران کے ساتھ بھرپور یکجہتی اور تعاون کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ پاکستانی حکومت اور عوام کے اس تعاون اور حمایت کے لیے تہہ دل سے شکر گزار ہیں، اور پاکستان نے مشکل حالات میں ایرانی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے رہنے کی حقیقی مثال قائم کی ہے۔
عراقچی نے کہا کہ ایران اللہ تعالیٰ پر کامل بھروسے کے ساتھ اپنے موقف پر ثابت قدم ہے اور ہر طرح کی مشکلات کا مقابلہ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران کو یقین ہے کہ دوست ممالک اور عوام کی حمایت سے موجودہ چیلنجز کا مؤثر مقابلہ ممکن ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کی متوازن سفارت کاری کی دنیا بھر میں تعریف کی جاتی ہے، اور حال ہی میں ایران نے بھی پاکستان کے کردار کو سراہا ہے۔ پاکستان اپنی متوازن خارجہ پالیسی اور کامیاب عسکری سفارت کاری کی بدولت عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کر چکا ہے۔
عالمی ماہرین کے مطابق پاکستان نے بیک وقت عرب ممالک اور ایران کے ساتھ متوازن مذاکرات قائم کر کے بہترین سفارتی مہارت کا عملی مظاہرہ کیا ہے، اور ایرانی وزیر خارجہ کا حالیہ بیان پاکستان کی کامیاب سفارت کاری اور خطے میں اس کی نمایاں حیثیت کی عکاسی کرتا ہے۔
پاکستان مشرق وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال اور پیچیدہ حالات کے باوجود ایک اہم اور مثبت تعمیری کردار ادا کر رہا ہے۔
پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کی جانب سے خطے کے برادر ممالک کے درمیان امن قائم رکھنے کے لیے کی جانے والی کوششیں قابل ستائش ہیں، اور یہ اقدامات جنگ کو محدود رکھنے میں انتہائی اہم ثابت ہو رہے ہیں۔