ہمارے جوابی حملوں میں اب تک 560 امریکی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں:ایرانی فوج

تہران: ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے کیے گئے جوابی حملوں میں اب تک 560 امریکی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔ تاہم ان اعداد و شمار کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔
ایرانی فوج کے مطابق کویت اور بحرین میں قائم امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا۔ مزید یہ کہ 3 امریکی اور برطانوی آئل ٹینکروں پر بھی حملے کیے گئے جو اس وقت خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں آگ کی لپیٹ میں ہیں۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں موجود امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ابراہام لنکن پر بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا گیا اور امریکی بحری بیڑے کو چار میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ، امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام)، نے ایرانی دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یو ایس ایس ابراہام لنکن کسی میزائل حملے کا نشانہ نہیں بنا اور ایرانی میزائل امریکی بحری بیڑے کے قریب تک نہیں پہنچ سکے۔ تاہم سینٹ کام نے تصدیق کی ہے کہ جھڑپوں کے دوران 3 امریکی فوجی ہلاک اور 5 زخمی ہوئے ہیں۔
سینٹ کام کے مطابق ایران میں ایک ہزار سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا جا چکا ہے اور ایرانی تنصیبات پر بڑے پیمانے پر فضائی حملے جاری ہیں۔