ترکیے کے شہر اوسک کی عدالت نے ایک شہری کو اپنی بیوی کو زرِتلافی ادا کرنے کا حکم دیا کیونکہ اس نے اپنی شریکِ حیات کا نمبر موبائل فون میں “موٹی” کے نام سے محفوظ کیا تھا۔
عدالتی کارروائی کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ شوہر نے اپنی بیوی کا فون نمبر ایک ایسے نام سے سیو کر رکھا تھا جو اس کے لیے تضحیک آمیز اور توہین کی علامت سمجھا گیا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ اس طرح کا عمل جذباتی تشدد کے زمرے میں آتا ہے کیونکہ ازدواجی رشتہ عزت، احترام اور باہمی مساوات پر قائم ہوتا ہے، اور کسی ایک فریق کی توہین اس رشتے کی بنیاد کو کمزور کرتی ہے۔
یہ فیصلہ ترکیے میں ایک اہم قانونی نظیر بن چکا ہے، جسے مستقبل میں اس نوعیت کے دیگر مقدمات میں حوالہ کے طور پر استعمال کیا جا سکے گا۔
اعلیٰ عدالت نے نچلی عدالت کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ شوہر کا اپنی بیوی کا نام اس انداز میں محفوظ کرنا وفاداری، عزت اور احترام کے اصولوں کے منافی ہے۔ عدالت نے کہا کہ ازدواجی زندگی میں باہمی احترام کا فقدان، ذہنی اذیت اور جذباتی نقصان کا باعث بنتا ہے، اس لیے بیوی کو زرِتلافی ادا کرنا لازم ہے۔