بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں ایک شہری نے اپنی موت کا ڈرامہ رچاکر سب کو حیران کر دیا، مقصد صرف یہ جاننا تھا کہ اُس کے مرنے پر کون روتا ہے اور کون نہیں۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ شخص نے اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کو اطلاع دی کہ وہ اچانک انتقال کر گیا ہے۔ اس کے بعد اہلِ خانہ کی مدد سے اُس کی جعلی موت کی خبر، اسپتال کی فرضی رپورٹ اور یہاں تک کہ ’’انتقال‘‘ کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کر دی گئیں۔
جیسے ہی رشتہ دار اور دوست تعزیت کے لیے اُس کے گھر پہنچے، اچانک وہ شخص خود زندہ حالت میں سامنے آ گیا۔ اُس نے سب کے سامنے کہا کہ وہ صرف یہ دیکھنا چاہتا تھا کہ اس کی موت پر کون حقیقی دکھ کا اظہار کرے گا۔
تاہم اس حرکت نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا کر دیا۔ متعدد صارفین نے اسے اخلاقی گراوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دوسروں کے جذبات سے کھیلنے کے مترادف ہے، جبکہ کچھ کا کہنا تھا کہ شاید یہ حرکت اُس کے تنہائی یا ذہنی دباؤ کا نتیجہ ہو سکتی ہے۔
پولیس نے اس غیر معمولی واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں کیونکہ جعلی موت کی خبر پھیلانا بھارتی قانون کے تحت جرم تصور کیا جا سکتا ہے۔