پاکستان سپر لیگ کے دیوانوں کے لیے ایک خوشخبری نے شائقین کے جوش و جذبے کو نئی تازگی دے دی ہے۔ طویل انتظار کے بعد وہ لمحہ قریب آ گیا ہے جب کرکٹ کے متوالے ایک بار پھر اسٹیڈیم کی رونقیں بڑھا سکیں گے اور اپنی پسندیدہ ٹیموں کو قریب سے سپورٹ کر سکیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں بتایا کہ انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف سے درخواست کی تھی کہ شائقین کو اسٹیڈیم میں آ کر میچ دیکھنے کی اجازت دی جائے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وزیر اعظم خود بھی اس بات کے حامی تھے کہ کرکٹ کے شائقین کو میدان میں آ کر میچز سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملنا چاہیے۔
محسن نقوی کے مطابق فرنچائز مالکان کی درخواست کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیر اعظم نے پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے لیے تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دینے کی منظوری دے دی ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے اس اہم فیصلے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام شائقین کے لیے خوشی کا باعث بنے گا اور ایونٹ کے جوش کو مزید بڑھائے گا۔
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کا فائنل 3 مئی کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، جہاں اب شائقین کی موجودگی اس بڑے مقابلے کو مزید یادگار بنا دے گی۔