کولمبو: آئی سی سی مردوں کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں گروپ بی کا 19واں میچ تاریخی اپ سیٹ کا شکار ہوا جب زمبابوے نے آسٹریلیا کو 23 رنز سے شکست دے دی۔ یہ میچ آر پریماداسا اسٹیڈیم، کولمبو میں کھیلا گیا۔ زمبابوے نے آسٹریلیا کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ میں دوسری بار شکست دی ہے اور اب تک آسٹریلیا اسے ورلڈ کپ میں ایک بھی بار نہیں ہرا سکا۔
آسٹریلوی کپتان ٹریوس ہیڈ نے ٹاس جیت کر زمبابوے کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ زمبابوے نے مقررہ 20 اوورز میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔ اوپنر برائن بینیٹ نے ناقابل شکست 64 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ مارومانی 35 اور رائن برل 35 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ پہلی وکٹ پر 61 اور دوسری وکٹ پر 70 رنز کی شراکت نے اننگز کو مضبوط بنیاد دی۔ کپتان سکندر رضا 25 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے کیمرون گرین اور مارکس اسٹوئنس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی شروعات مایوس کن رہی۔ پاور پلے میں 29/4 پر گر گئی۔ میتھیو رینشا نے 65 رنز کی بہترین اننگز کھیلی، جبکہ گلین میکسویل نے 31 اور کپتان ٹریوس ہیڈ 17 رنز بنائے۔ باقی آٹھ بلے باز ڈبل فیگرز بھی نہ بنا سکے۔ ٹیم 19.3 اوورز میں 146 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
زمبابوے کی بولنگ کا کمال دیکھنے کو ملا۔ بلیسنگ مزارابانی نے 4 اوورز میں 17 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، جو نہ صرف ان کا کیریئر بیسٹ ہے بلکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کے خلاف بہترین بولنگ فیگر بھی ہے۔ اس میچ میں انہوں نے اپنی 100ویں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل وکٹ بھی مکمل کی۔ بریڈ ایونز نے 23 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
یہ شکست آسٹریلیا کے لیے بڑا دھچکا ہے، جو گروپ میں اب مشکلات کا شکار ہو گئی ہے۔ زمبابوے کی یہ فتح ٹورنامنٹ کے اب تک کے سب سے بڑے اپ سیٹس میں شمار ہو رہی ہے اور گروپ بی کی صورتحال کو مکمل تبدیل کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کا پہلا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ مقابلہ 2007 کے افتتاحی ایڈیشن میں ہوا تھا، جہاں بھی زمبابوے نے آسٹریلیا کو شکست دی تھی۔ آج کی فتح نے اس ریکارڈ کو برقرار رکھا ہے۔