حکومت کا نیا فیصلہ،عوام کو ملنے والے بڑے ریلیف سے محروم کر دیا

اسلام آباد:حکومت نے پیٹرولیم لیوی میں اضافہ کر کے عوام کو ایندھن کی قیمتوں میں ممکنہ کمی کے مکمل ریلیف سے محروم کر دیا ہے۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق پیٹرول پر لیوی میں 4 روپے 65 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول پر فی لیٹر پیٹرولیم لیوی کی نئی شرح 84 روپے 27 پیسے مقرر ہو گئی ہے، جو پہلے 79 روپے 62 پیسے تھی۔

اسی طرح ڈیزل پر لیوی میں 80 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی 76 روپے 21 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے، جو پہلے 75 روپے 41 پیسے تھی۔

ماہرین کے مطابق اگر لیوی میں یہ اضافہ نہ کیا جاتا تو پیٹرول میں فی لیٹر 4 روپے 65 پیسے اور ڈیزل میں 80 پیسے فی لیٹر کمی ممکن تھی، جس سے عوام کو فوری ریلیف مل سکتا تھا۔

دستاویزات کے مطابق مٹی کے تیل پر بھی پیٹرولیم لیوی میں 1 روپے 41 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی شرح 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے، جو پہلے 18 روپے 95 پیسے تھی۔

اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل پر بھی نئی پیٹرولیم لیوی کی شرح 15 روپے 84 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب عام شہری مہنگائی کی لپیٹ میں ہیں اور ایندھن کی قیمتوں میں ہر ممکن کمی کے لیے توقعات بڑھ رہی تھیں۔