اسرائیلی کون سے اسلامی ملک کو سیاحت کیلئے محفوظ ترین مقام سمجھتے ہیں؟

دبئی:دبئی تیزی کے ساتھ اسرائیلی شہریوں کی پہلی ترجیح بنتا جا رہا ہے اور اب یہ شہر ان کے لیے نہ صرف پُرکشش بلکہ سب سے محفوظ سیاحتی مقام سمجھا جانے لگا ہے۔

اسرائیلی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق صرف نومبر 2025 کے دوران ایک لاکھ سے زیادہ اسرائیلیوں نے دبئی کا رخ کیا، جب کہ اکتوبر 2025 میں یہ تعداد 99 ہزار ریکارڈ کی گئی تھی۔ اسی عرصے میں امریکا جانے والے اسرائیلی سیاحوں کی تعداد محض 72 ہزار رہی، جو دبئی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کی واضح علامت ہے۔

رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ دنیا کے دیگر بڑے سیاحتی مراکز کے مقابلے میں دبئی کو اسرائیلی مسافروں کے لیے زیادہ محفوظ تصور کیا جاتا ہے۔

میڈیا کے مطابق دبئی میں انہیں نہ تو فلسطین کے حق میں مظاہروں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور نہ ہی کسی قسم کی سیاسی حساسیت یا ردعمل کا خوف لاحق ہوتا ہے، جس کی وجہ سے یہ شہر ان کی اولین پسند بن چکا ہے۔